بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا'حکومت نے الرٹ جاری کردیا








جلالپورپیروالا(این این آئی)بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا جس کے بعد حکومت نے الرٹ جاری کردیا۔دریائے ستلج میں ہریکے ڈاؤن اسٹریم اور فیروزپور ڈاؤن اسٹریم میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب دریائے چناب اور راوی بپھرنے سے ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا کا شہری علاقہ ڈوبنے کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا۔

شہر کو بچانے کے لیے بائی پاس پر شگاف ڈال دیا گیا، پانی کا بہاؤ شہر کی جانب کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔مظفر گڑھ کے علاقے عظمت پور میں بند ٹوٹنے سے کئی بستیاں زیر آب آگئیں۔اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق 7 ہزار سے زیادہ افراد کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا اور بند ٹوٹنے سے فصلیں تباہ ہوگئیں۔راجن پور میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے 23 دیہات زیر آب آگئے۔